12 ممالک کا اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بستیوں کی توسیع روکنے کا مطالبہ

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین، سویڈن اور برطانیہ نے 2 ریاستی حل کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی توسیع فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کردیا۔

مشترکہ وزرائے خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کے اقدامات 2 ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ آبادکاروں کے تشدد اور بستیوں کی توسیع میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ لیو کا مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

بیان کے مطابق ای ون بستی کے منصوبے کے لیے بولیاں طلب کرنے کا فیصلہ بھی ناقابل قبول ہے۔ برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے کہا ہے کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

12 ممالک نے تصدیق کی کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے منسلک اشیا کی تجارت پر قومی سطح پر پابندیاں عائد کرنے یا یورپی سطح پر ایسی پابندیوں کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ بعض ممالک اس حوالے سے دیگر اقدامات پر بھی غور کررہے ہیں۔

بیان میں برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے آئرلینڈ، اسپین، نیدرلینڈز، ناروے اور بیلجیئم کی جانب سے پہلے ہی کیے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات کی تجارت پر پابندی کے لیے قومی اقدامات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے مغربی کنارا ضم کیا تو امریکی حمایت کھو بیٹھے گا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دو ریاستی حل کا تحفظ ناگزیر ہے اور منصفانہ و پائیدار امن کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ فلسطینی اراضی کے الحاق کے مترادف اقدامات اور فلسطینی آبادی کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی گئی۔

ممالک نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بستیوں کی توسیع اور شہری انتظامی اختیارات میں اضافہ فوری طور پر روکا جائے، آبادکاروں کے تشدد پر جواب دہی یقینی بنائی جائے اور اسرائیلی فورسز کے خلاف عائد الزامات کی تحقیقات کی جائیں۔

مشترکہ بیان میں فلسطین کے 2 ریاستی حل کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جس کے تحت اسرائیل اور ایک خودمختار، جمہوری اور قابل عمل فلسطینی ریاست محفوظ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر امن، سلامتی اور باہمی تسلیم کے ساتھ ساتھ رہ سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp