امریکا کا کینیڈین اشیا پر نیا وار، الکوحل اور موٹر سائیکلوں کی درآمد پر پابندی

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے، امریکا نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی متعدد اشیا پر پابندی اور بعض مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ نئی پابندیاں 29 ستمبر سے نافذ ہوں گی، جبکہ کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات بھی لاگو ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو جاری کیے گئے متعدد صدارتی احکامات میں کینیڈا پر امریکی کاروبار کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کینیڈین مصنوعات کی درآمد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔

پابندی کی زد میں ڈیری مصنوعات، خاص طور پر وہے، گنے سے تیار کردہ شیرہ، غیر الکوحل بیئر، رم، ووڈکا اور مالٹ سے تیار ہونے والی بیئر سمیت موٹر سائیکلیں اور موپیڈز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بعض اقسام کی پنیر، جانوروں کی کھالیں، کاغذ، فرنیچر، گدے، المونیم اور لوہے سمیت بعض دھاتوں، موٹر بوٹس، گالف کارٹس، مچھلی پکڑنے کے سامان اور برقی سوئچ بورڈز پر درآمدی ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات نافذ کردیے ہیں۔ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ امریکا سے تجارتی انحصار کم کرنے کا فیصلہ کینیڈا کے لیے نقصان کے بغیر نہیں ہوگا، تاہم موجودہ صورتحال میں خاموش رہنے کی قیمت اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

گزشتہ ماہ امریکا نے تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کی کینیڈین مصنوعات پر 50 فیصد محصولات عائد کیے تھے، جن سے فرنیچر، شراب، کھیلوں اور ماہی گیری کے سامان سمیت مختلف شعبے متاثر ہوئے۔ کینیڈا نے جواباً امریکی اسٹیل، کپڑوں اور فرنیچر سمیت مختلف اشیا پر مساوی محصولات عائد کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کیا کینیڈا امریکا کی 51ویں ریاست بن سکتا ہے؟

تجارتی ماہرین کے مطابق نئی امریکی پابندیوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی کینیڈین اشیا کی تجارت متاثر ہوسکتی ہے۔ دونوں ممالک کے حکام اگرچہ تجارتی معاہدے کے خواہاں ہیں، تاہم اگست کے آخر میں مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ابھی تک نئی بات چیت طے نہیں ہوسکی۔

کینیڈا اپنی مجموعی برآمدات کا 2 تہائی سے زیادہ امریکا کو بھیجتا ہے، جس کے باعث تجارتی کشیدگی سے دونوں جانب کاروباری اداروں اور صارفین پر قیمتوں میں اضافے کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp