خاران اور واشک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 11 دہشتگردوں کا خاتمہ

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی ’فتنۃ الہندوستان‘ سے بتایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو روکا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

بیان کے مطابق 7 ستمبر کو واشک میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بندی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جسے دیسی ساختہ بم (آئی ڈیز) تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے واشک میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا، جبکہ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp