راولپنڈی میں جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ سے ایک وکیل کی لاش گاڑی کے اندر سے برآمد ہوئی ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے جوڈیشل کمپلیکس میں تعینات محرر نے سول لائنز پولیس کو گاڑی میں لاش موجود ہونے کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کے اعلیٰ افسر کی اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس سے لاش برآمد
پولیس رپورٹ کے مطابق گاڑی سے ملنے والے شخص کی شناخت ایڈووکیٹ ثنا اللہ ستی کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا، جس نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کیا۔
راولپنڈی ۔جوڈیشنل کمپلیکس میں پارک
گاڑی سے
معروف قانون دان ثنا اللہ ستی ایڈووکیٹ
کی لاش بر آمد pic.twitter.com/UoK42RfeDR— Ahmed Bhatti (@Rayahmadbhatti) September 9, 2026
راولپنڈی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (آپریشنز) طارق محبوب نے میڈیا کو بتایا کہ وکیل کی موت کی اصل وجہ فورینزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور فورینزک شواہد کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: مانسہرہ: ’موسیٰ کا مصلیٰ‘ چوٹی سے لاپتا ہونے والی غیرملکی سیاح کی لاش برآمد
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں اسلام آباد کے علاقے ایچ 9 میں بھی ایک وکیل کی لاش ویران علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق راہگیروں نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔
مقتول کے جسم پر پشت کی جانب گولی کا زخم موجود تھا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کو قتل کا شبہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں۔














