خفیہ ایجنسی نے بڑے پیمانے پر مراکشیوں کے  اسپین میں داخلے سے پیشگی خبردار کیا تھا

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خفیہ دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ اسپین اور مراکش کو سیوٹا کی سرحد عبور کرنے کی تارکین وطن کی منصوبہ بندی سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا، تاہم اس انتباہ کے باوجود جولائی کے آخر میں 72 ہزار سے زائد افراد ہسپانوی علاقے میں داخل ہوگئے۔

اسپین کی نیشنل انٹیلی جنس سینٹر (سی این آئی) نے 29 جولائی کو، یعنی بڑے پیمانے پر آمد سے ایک روز قبل، سیوٹا میں اسپین کی حکومتی نمائندگی کو واٹس ایپ کے ذریعے خبردار کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر تارکین وطن کو سرحدی باڑ پر حملے اور سمندری راستے سے سیوٹا پہنچنے کے لیے اگلے روز رات 8 بجے جمع ہونے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ خفیہ دستاویز میں بتایا گیا کہ متعلقہ 2 سوشل میڈیا گروپس کے مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار پیروکار تھے۔

یہ بھی پڑھیے اسپین کے علاقے سیوٹا میں مہاجرین کا سیلاب، مراکش سے ہزاروں افراد سرحد عبور کر گئے

اسی روز سی این آئی نے مراکش کی خفیہ ایجنسیوں کو بھی خبردار کیا کہ تارکین وطن سرحدی باڑ عبور کرنے یا تیر کر سیوٹا پہنچنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق یہ منصوبہ مراکش کے قومی ’یومِ تخت‘ کے موقع سے فائدہ اٹھا سکتا تھا۔ تاہم اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے ان دستاویزات کے منظر عام پر آنے کے بعد اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ حکومت کو بحران کے پیمانے کا پہلے سے اندازہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا مہم سے متعلق معلومات موجود تھیں اور اس کی نگرانی بھی کی جا رہی تھی، لیکن اسے بعد میں پیش آنے والے واقعے کے حجم، نوعیت یا امکان کی علامت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

30 جولائی کو جاری کی گئی ایک اور خفیہ دستاویز میں کہا گیا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ مراکش کی حکومت نے تارکین وطن کی آمد کی فعال طور پر حوصلہ افزائی نہیں کی، تاہم اس نے صورتحال سے نمٹنے میں غفلت اور غیر فعال رویہ اختیار کیا۔ دستاویز کے مطابق مراکشی پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی تعیناتی بھی ہجوم کو قابو کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی اور 29 جولائی کی رات سیکڑوں تارکین وطن تیر کر سیوٹا پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیے سیوٹا: یورپ کے خواب چکناچور، تارکین وطن مایوس ہو کر مراکش واپس لوٹنے لگے

ہسپانوی حکومت کے مطابق بڑے پیمانے پر سرحد عبور کرنے کے ایک ماہ بعد بھی تقریباً 5 ہزار تارکین وطن اور پناہ کے متلاشی افراد سیوٹا میں موجود ہیں، جن میں تقریباً ایک ہزار 200 نابالغ شامل ہیں، جبکہ مقامی حکام کے مطابق تعداد 10 ہزار تک ہو سکتی ہے۔ اسپین نے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 35 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن جماعت پاپولر پارٹی نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اسے صورتحال کی پیشگی اطلاع تھی لیکن اس کے باوجود بروقت کارروائی نہیں کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp