پاکستان کی پہلی ویکسین پالیسی منظور، یونیورسل میڈیکل ریکارڈ کا منصوبہ بھی شروع ہوگا، مصطفیٰ کمال

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار باقاعدہ ویکسین پالیسی تیار کرکے وفاقی کابینہ سے منظور کرالی گئی ہے، جبکہ ملک بھر کے شہریوں کے لیے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ متعارف کرانے کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

23ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں اس سے قبل کوئی باقاعدہ ویکسین پالیسی موجود نہیں تھی، تاہم موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ ویکسین پالیسی تیار کرکے اسے کابینہ سے منظور کرایا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 22 ہزار ڈاکٹرز تیار ہوتے ہیں جو ملک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی ڈاکٹرز جہاں بھی جاتے ہیں ملک کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان کی میڈیکل تعلیم کئی ترقی یافتہ ممالک کے برابر معیار رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پولی کلینک فیز 2 کی تکمیل 23 مارچ 2027 تک ہوگی، مصطفیٰ کمال

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نرسنگ کے شعبے میں بھی اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے اور پرانے قوانین میں تبدیلی کے ساتھ نرسنگ کونسل میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ مصطفیٰ کمال کے مطابق ماضی میں نرسنگ کی تعلیم ایک کاروبار بن چکی تھی، جہاں محدود سہولیات والے اداروں میں فیس لے کر طلبہ کو تربیت دی جاتی تھی، تاہم اس رجحان کو ختم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تقریباً 9 لاکھ نرسز کی ضرورت ہے جبکہ عالمی سطح پر 25 لاکھ نرسز کی ضرورت ہے۔ حکومت برطانیہ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی تعاون کر رہی ہے تاکہ پاکستانی نرسز کی تعلیم اور تربیت عالمی معیار کے مطابق ہو اور وہ بیرون ملک بھی خدمات انجام دے سکیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ یونیورسل میڈیکل ریکارڈ کے منصوبے کے لیے نادرا کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت شہری کا شناختی کارڈ نمبر ہی اس کا یونیورسل میڈیکل ریکارڈ نمبر ہوگا، جس کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں مریض کا طبی ریکارڈ حاصل کیا جاسکے گا۔ منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کے بعد اسے پورے ملک میں نافذ کرنے کا ارادہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp