روس یوکرین کے فضائی دفاع کو چکمہ دینے کے لیےکون سا نیا اور موثر حربہ اختیار کررہا ہے؟

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے یوکرین کے فضائی دفاع کو چکمہ دینے کے لیے تیز رفتار ڈرونز کا استعمال بڑھا دیا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ڈرون حملوں میں اضافے کو’خوفناک صورتحال‘ قرار دیا ہے۔

اگست میں روس نے پہلی بار پورے مہینے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر جیٹ انجن سے چلنے والے نئے ڈرونز سے یوکرین کو نشانہ بنایا، جنہیں روکنا کیف کے فضائی دفاعی نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا۔

بی بی سی ویریفائی کے مطابق یوکرین کی فضائیہ کے اعداد و شمار کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ روس نے اگست کے دوران ہر روز اپنے نئے تیز رفتار ’گیراں‘ ڈرونز استعمال کیے۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ڈرون حملوں میں اضافے کو کیف کے آسمان پر پیدا ہونے والی ایک’خوفناک صورتحال‘ قرار دیا ہے۔ یوکرینی فوج کے مطابق جیٹ انجن والے ڈرونز کے حملے جون میں 350 سے بڑھ کر جولائی میں 1,600 اور اگست میں 2,800 تک پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیے کیف کے قریب اسلحہ ڈپو پر روسی ڈرون حملہ، 37 افراد ہلاک، 42 زخمی

کنگز کالج لندن کی دفاعی ٹیکنالوجی کی ماہر ڈاکٹر مرینا میرون کے مطابق نئے ڈرونز پہلے سے کہیں زیادہ تیز ہیں، جس کے باعث یوکرین کے لیے انہیں روکنا زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔ یہ ڈرونز 300 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے پرواز کرسکتے ہیں، جو پرانے ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ اور یوکرین کے بعض دفاعی نظاموں کی رفتار سے بھی تجاوز کرتی ہے۔

یوکرینی عسکری انٹیلی جنس کے مطابق ان میں استعمال ہونے والے بعض ٹربوجیٹ انجن چین سے حاصل کیے گئے ہیں۔

روس نے یکم ستمبر کو بھی ایسے ڈرونز سمیت بڑے حملوں میں یوکرین کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ کیف میں ایک ریلوے ڈپو کو نشانہ بنائے جانے سے 6 ریلوے ملازمین بھی ہلاک ہوئے۔

یوکرین نے رواں سال کے آغاز میں روس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز میں سے تقریباً 94 فیصد کو روکنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم نئے تیز رفتار ڈرونز نے فضائی دفاع کے لیے نیا چیلنج پیدا کردیا ہے۔ یوکرینی فوجی انٹیلی جنس کے نائب سربراہ میجر جنرل وادیم سکیبیتسکی نے کہا ہے کہ کیف کو ایسے نئے میزائل درکار ہیں جو ان ڈرونز کی رفتار کا مقابلہ کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیے زیلنسکی کی روسی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام ایئرلائنز کو دھمکی

دریں اثنا، یوکرین میں حکام کے مطابق 4 کمپنیوں نے نئے ’گیراں‘ ڈرونز کو مار گرانے والے میزائلوں کی آزمائش شروع کردی ہے اور نئے وزیر دفاع ییوہینی خمارا نے انہیں جلد از جلد ہزاروں میزائل تیار کرنے کا ہدف دیا ہے۔

روس کی جانب سے تیز رفتار ڈرونز کے استعمال میں اضافے کے ساتھ ایسے حملے بھی بڑھ گئے ہیں جن میں ایک ہی وقت میں سینکڑوں ڈرونز اور میزائل استعمال کیے جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق روس اب ڈرونز، دھوکا دینے والے ڈرونز اور انتہائی مشکل سے روکے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کو ایک ہی حملے میں شامل کر رہا ہے، جس سے یوکرین کے فضائی دفاع پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور میزائلوں کو روکنے کی شرح میں کمی آرہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp