بلوچستان کے وسطی ضلع خضدار میں طلبہ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ایک منفرد لائبریری قائم کی گئی ہے جسے صوبے میں اپنی نوعیت کی واحد لائبریری قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولر سسٹم پر چلتا خضدار کا گاؤں
کیپٹن (ر) محمد عاشق عثمان پبلک لائبریری میں قومی اور بین الاقوامی کتب کے ساتھ طلبہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
لائبریری میں آئی ٹی لیب، تیز رفتار انٹرنیٹ اور دیگر تعلیمی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ طلبہ کے لیے مطالعے کا ماحول بھی خصوصی طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔
یہاں کی تزئین و آرائش اور اندرونی ڈیزائن اس انداز میں کیا گیا ہے کہ طلبہ کو پرسکون اور بہتر ماحول میں مطالعے کی سہولت میسر آسکے۔ یہاں کیبن سسٹم، معیاری کرسیاں، ایئر کنڈیشنڈ کمرے، لیکچر ہال، بڑی اسکرین اور ٹیبل ٹاک روم سمیت مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیے: خضدار میں فرائض کی انجام دہی کے دوران لیڈی کانسٹیبل شہید، اہلکار کون تھیں؟
اس کے علاوہ لائبریری میں میگزین اور اخبارات کے لیے الگ گوشہ بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ طلبہ کی تعلیمی اور مطالعاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
خضدار میں چمروک کے قریب پہاڑوں کے دامن میں قائم یہ لائبریری ضلع انتظامیہ نے پاک فوج کے منصوبے بی ایس ڈی آئی کے تعاون سے قائم کی ہے۔
مزید پڑھیں: خضدار کی سلمٰی جو مزدوری کی کمائی سے جھونپڑی اسکول چلا رہی ہیں
پرفضا ماحول میں قائم کی گئی یہ جدید لائبریری خضدار کے طلبہ اور عام شہریوں کے لیے علم و مطالعے کی نئی راہیں کھولنے کی ایک کوشش ہے اور مقامی افراد اسے پہاڑوں کے دامن میں شہر کے لوگوں کے لیے ایک خوبصورت تحفہ قرار دے رہے ہیں۔













