’میکسیکو پسند ہے تو وہاں چلے جائیں‘، جے ڈی وینس کی تقریر میں احتجاج، پرچم لہرانے والا شخص باہر نکال دیا گیا

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ریپبلکن پارٹی کے اجلاس کے دوران میکسیکو اور فلسطین کے پرچم لہرا کر احتجاج کرنے والے شخص کو سخت جواب دیا، جس کے بعد ہال میں موجود شرکا نے ’یو ایس اے، یو ایس اے‘ کے نعرے لگائے۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے وسط مدتی کنونشن سے خطاب کے دوران ایک شخص نے ہجوم میں سے میکسیکو اور فلسطین کے پرچم لہراتے ہوئے جے ڈی وینس کی تقریر میں خلل ڈالا۔ احتجاج کرنے والے کو بعد ازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے ہال سے باہر نکال دیا۔

جے ڈی وینس نے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہال میں موجود شخص نے میکسیکو کا پرچم لہرا کر احتجاج کیا۔ انہوں نے احتجاج کرنے والے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسے میکسیکو اتنا پسند ہے تو وہ وہاں چلا جائے، حتیٰ کہ وہ اس کے ہوائی ٹکٹ کے اخراجات بھی ادا کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پر معاشی دباؤ امریکی مقاصد حاصل کرنے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے، جے ڈی وینس

واقعے کے بعد شرکا نے ’یو ایس اے، یو ایس اے، یو ایس اے‘ کے نعرے لگائے۔

جے ڈی وینس نے اپنے خطاب میں ’امریکا فرسٹ‘ پالیسی اور امریکی قوم پرستی پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی خاندان اور ملکی شناخت کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا میں پیدا ہونے والا ہر بچہ اس ملک کے حقوق اور مواقع کا حقدار ہے، خواہ اس کے والدین کون ہوں یا وہ کہاں سے آئے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی بچوں کا حق صرف ان کے والدین یا ظاہری شکل کی بنیاد پر نہیں بلکہ امریکی شہری ہونے کی وجہ سے ہے۔

خطاب کے دوران کئی بار شرکا نے ’جے ڈی، جے ڈی، جے ڈی‘ کے نعرے بھی لگائے۔ جے ڈی وینس نے ریپبلکن پارٹی کے وسط مدتی انتخابات کی تیاریوں کے دوران اپنی تقریر میں ڈیموکریٹس پر بھی تنقید کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp