مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات اور عہدے سے ہٹانے کی سفارش، حسینہ واجد کی بیٹی ڈبلیو ایچ او سے مستعفی

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بیٹی سیما واجد نے عالمی ادارۂ صحت کے جنوب مشرقی ایشیا کے لیے علاقائی ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

رائٹرز کے مطابق سیما واجد نے یہ فیصلہ اپنے خلاف عالمی ادارۂ صحت اور بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بعد کیا۔ وہ 2024 کے آغاز میں 5 سالہ مدت کے لیے اس عہدے پر مقرر ہوئی تھیں۔

عالمی ادارۂ صحت نے بتایا کہ ایک کمیٹی نے سیما واجد کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی، جس کے ایک روز بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ انہیں گزشتہ سال سے بغیر تنخواہ انتظامی رخصت پر رکھا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے انسدادِ بدعنوانی کمیشن نے مارچ 2025 میں سیما واجد کے خلاف دھوکا دہی اور جعل سازی کے الزامات میں مقدمات درج کیے تھے۔ عالمی ادارۂ صحت نے بھی ان پر چین کے سفر سے متعلق مالی بے ضابطگیوں اور تعلیمی اسناد کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

سیما واجد نے الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے سے روکا گیا، جبکہ تقریباً ایک سال سے بغیر معاوضے کے رخصت پر رہنے کے باعث ان کی مالی مشکلات ناقابل برداشت ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک سے فرار شیخ حسینہ واجد کا دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آ کر گرفتاری دینے کا اعلان

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ان کے استعفے پر علاقائی کمیٹی اور ایگزیکٹو بورڈ غور کریں گے۔ نئے علاقائی سربراہ کی تعیناتی تک ڈاکٹر نلیش بدھا قائم مقام علاقائی سربراہ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp