وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر قوم سے اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے بانیٔ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت، سیاسی تدبر اور بے مثال قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی راہ ہموار کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے انتہائی مشکل حالات میں پاکستان کی قیادت کی اور نومولود ریاست کو درپیش انتظامی و مالی مشکلات، لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری اور حکومتی نظام کے قیام جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif’s Message on the 78th Death Anniversary of Quaid-i-Azam Mohammad Ali Jinnah, 11 September 2026.
Today, as the nation observes the 78th death anniversary of Quaid-i-Azam Mohammad Ali Jinnah, the Father of the Nation, we pay heartfelt tribute…
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 11, 2026
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اسلامی اصولوں پر قائم ریاست ہے جہاں رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر شہری آزادی، مذہبی آزادی اور تمام بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کے سیاسی ورثے کا بنیادی مقصد ہے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح پوری قوم کی مشترکہ اور مربوط کوششوں ہی سے ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوم وفات ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم قائداعظم کے رہنما اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر ثابت قدمی سے عمل کریں گے اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں ان اصولوں کو رہنما بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ مدرسۃ الاسلام: تحریک پاکستان اور قائد اعظم کی فکری تربیت میں اہم کردار
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی میراث کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان دیا جاسکے جو بانیٔ پاکستان کے وژن، نظریات اور اصولوں کی حقیقی عکاسی کرتا ہو۔
وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔














