برطانوی شہزادی ڈیانا کا مشہور زمانہ سیاہ لباس نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے، جسے انہوں نے 1994 میں اس وقت پہنا تھا جب ان کے سابق شوہر، اس وقت کے شہزادہ چارلس، ایک ٹیلی وژن دستاویزی پروگرام میں ازدواجی زندگی میں بے وفائی کا اعتراف کرچکے تھے۔
یونانی ڈیزائنر کرسٹینا اسٹامبولین نے تیار کردہ یہ سیاہ ریشمی لباس ڈیانا نے 20 نومبر 1994 کو لندن کی سرپینٹائن گیلری میں منعقدہ ایک تقریب میں زیب تن کیا تھا۔ ان کی پراعتماد آمد نے اس لباس کو پاپ کلچر کا ایک یادگار لمحہ بنا دیا، جس کے بعد میڈیا نے اسے ’ریونج ڈریس‘ کا نام دیا۔
سوتھبیز میں ہینڈ بیگز کی عالمی سربراہ مورگن ہالی می کے مطابق، ڈیانا فطری طور پر سمجھتی تھیں کہ فیشن بذاتِ خود ایک زبان ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق شہزادی نے اپنی مرضی اور انداز کے مطابق اس لباس کو اپنے پیغام کا انتہائی طاقتور ذریعہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے ہنی مون کی تلخ یادیں سامنے آگئیں
انہوں نے کہا، ’ وہ زندگی کے ایسے لمحے سے گزر رہی تھیں جب ان کی کہانی کا بیشتر حصہ کوئی اور بیان کر رہا تھا۔ اپنے لباس کے انتخاب سے انہوں نے اس بیانیے پر دوبارہ اپنا اختیار حاصل کیا۔‘
نیلامی کرانے والے ادارے سوتھبیز کے مطابق، لباس کی قیمت 3 لاکھ ڈالر، یعنی تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ نیلامی 9 دسمبر کو ہوگی۔
سوتھبیز کا کہنا ہے کہ 1997 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یہ لباس نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل شہزادی ڈیانا اپنے 79 ملبوسات نیلام کرچکی تھیں اور ان سے حاصل ہونے والی رقم فلاحی اداروں کے لیے وقف کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے شہزادی ڈیانا کی طلاق کے بعد زندگی کیسے گزر رہی تھی؟ نئے انکشافات سامنے آگئے
ڈیانا نے تقریب کے لیے آخری وقت میں لباس تبدیل کیا تھا۔ انہوں نے اسٹریپ لیس سیاہ لباس کے ساتھ شاہی زیورات، سیاہ کلچ اور سیاہ پمپس پہن رکھے تھے۔
شہزادی ڈیانا کی الماری سے وابستہ دیگر اشیا بھی ماضی میں بھاری قیمتوں پر فروخت ہوچکی ہیں۔ 2023 میں ان کا مشہور سیاہ بھیڑوں والا سویٹر نیویارک میں سوتھبیز کی نیلامی میں 9 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا تھا۔














