وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے لیا، 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ کرنے کا حکم

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکام کو واضح ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ کی جائے۔

اسلام آباد میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

آر ایل این جی کی ترسیل میں مسائل اور خطے کی صورتحال

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی ترسیلی مشکلات کے باعث پاکستان کو آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی چوری کا توڑ ، حکومت فیڈر کے بجائے ٹرانسفارمز کی سطح پر لوڈ شیڈنگ کی تیاری کررہی ہے : اویس لغاری

گیس کی اس قلت سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، جس کے باعث طلب اور رسد کا توازن برقرار رکھنے کے لیے حکام کو مجبوراَ لوڈ مینجمنٹ کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔

اس پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل کے تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔

شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹیوں کا قیام

عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ڈسکوز (بجلی تقسیم کار کمپنیوں) کی سطح پر ایک ہفتے کے اندر ’کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں‘ فعال کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی کو بھی لازمی شامل کیا جائے تاکہ نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل تیزی سے حل ہو سکیں۔

ہیلپ لائن 118 اور مون سون کی صورتحال

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہری بجلی سے متعلق اپنی شکایات ہیلپ لائن نمبر 118 پر درج کروا سکتے ہیں۔

سسٹم کے تحت شکایت کنندہ کو فوری طور پر ٹوکن نمبر اور ازالے کا متوقع وقت فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:’بجلی بند، گیس بند، کاروبار بند، عوام کی زبان بند، حکمرانوں کی آنکھیں بند‘، بدترین لوڈ شیڈنگ پر صارفین برہم

مزید برآں اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث اس وقت پورے ملک میں ماسوائے ضلع راجن پور کے 6 صارفین کے، کسی بھی علاقے میں بجلی منقطع نہیں ہے۔

اہم نوعیت کے اس اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، علی پرویز ملک، مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp