’بجلی بند، گیس بند، کاروبار بند، عوام کی زبان بند، حکمرانوں کی آنکھیں بند‘، بدترین لوڈ شیڈنگ پر صارفین برہم

بدھ 15 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گرمی کی شدت بڑھنے سے قبل ہی ملک بھر میں بجلی کا بحران مزید سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ صورتحال نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔

شہری علاقوں میں روزانہ 7 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی کی بندش نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ غیر یقینی اور مسلسل بجلی کی بندش کے باعث نہ صرف معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں بلکہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی نیند بھی متاثر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگے ایندھن سے بچنے کے لیے روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا فیصلہ

بجلی کی طویل بندش کے باعث مختلف شہروں میں پانی کی فراہمی کا نظام بھی شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔ خاص طور پر بڑے شہروں میں، جہاں پانی کی فراہمی کا انحصار بجلی سے چلنے والے موٹر سسٹمز پر ہے وہاں شہریوں کو اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صارفین کی جانب سے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ نہ صرف حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ اس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اگر مذاکراتی عمل سے فارغ ہو گئی ہے تو ملک میں جاری مہنگائی کا فوری نوٹس لے کیونکہ اس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام پہلے ہی آٹا، بجلی، گیس اور ادویات کی بڑھتی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی بند، گیس بند، کاروبار بند، عوام کی زبان بند، حکمرانوں کی آنکھیں بند۔

سینیئر اداکار خالد انعم کا کہنا تھا کہ شام 7 بنے بجلی بند، 8 بجے کاروبار بند،9 بجے گیس بند بجلی بند، 11 بجے شادی ہال بند اور عوام گھروں میں بند۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن اونچی اڑانوں بھر رہا۔

نادیہ مرزا نے کہا کہ ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جبکہ اعلان سوا دو گھنٹے کا ہوا ہے۔

صحافی بلال غوری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات 3 بجے سے صبح چھ بجے تک صرف 45 منٹ کے لیے بجلی دستیاب رہی۔ بتایا جاتا تھا کہ بجلی استعمال کریں یا نہ کریں IPP’s کو کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں ادائیگی کرنا پڑتی ہے باقاعدہ مہم چلائی گئی کہ بجلی زیادہ استعمال کریں گے تو کم نرخوں پر دستیاب ہوگی ۔۔متعلقہ حکومتی شخصیات بتانا پسند کریں گی کہ اس شدید قسم کی لوڈ شیڈنگ کا سبب کیا ہے؟

رضوان طایر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو فری بجلی دینے کے وعدے سے لے کر بجلی ہی نہ دینے تک کا سفر مشکل ضرور تھا مگر کامیاب رہا۔

عدنان عادل کہتے ہیں کہ ملک میں 40 ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی بنانے کی کیپسٹی نصب ہے لیکن لاہور میں چند ہزار میگاواٹ کی ڈیمانڈ پوری نہیں کر پا رہے۔ کیسا نظام ہے۔

شبیر ڈار کا کہنا تھا کہ جس طرح بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے لگتا ہے ہم 2013 سے قبل کے پاکستان میں واپس جارہے ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد میں دورانیہ 7 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 11 سے 12 گھنے بجلی غائب رہنے لگی ہے، طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہے۔

مقدس فاروق اعوان کہتی ہیں کہ نہ بجلی آ رہی ہے، نہ چولہے میں گیس ، انٹرنیٹ بھی رک رک کر چل رہا ہے، اپنی زندگی پہلی بار اتنی لوڈ شیڈنگ دیکھی ہے۔

ایک صارف نے بجلی جاتے ہی موبائل پر انٹرنیٹ سگنلز نا آنے کی بھی شکایت کی، ان کا کہنا تھا کہ لائٹ جاتے ہی موبائل کمپنیوں کے ٹاور بھی بند ہو جاتے ہیں نیٹ اور سگنل غائب ہو جاتے ہیں۔ جنریٹر نہیں چلاتے۔

شبانہ شوکت نے طنزاً کہا کہ وہ جو فقرہ بہت وائرل ہوا تھا کہ جب دنیا نازک موڑ پر پہنچی تو پاکستان پہلے سے وہاں موجود تھا تو یہی حال ہم سندھ والوں کا ہے کہ جب پنجاب والے لوڈشیڈنگ سے بلبلانا شروع ہوئے،ہمارے سکون میں فرق نہیں آیا کیونکہ ہم پہلے ہی بےحساب لوڈشیڈنگ کے عادی ہیں بس گیس کی لوڈشیڈنگ غیر متوقع ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی بحران پر فوری قابو پایا جائے، لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی لائی جائے اور شفاف حکمتِ عملی کے تحت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی اصلاحات کی جائیں تاکہ ہر سال پیدا ہونے والا یہ بحران مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یورپ کی طرف سے اسرائیل کو سفارتی دھچکا، پابندیوں کا امکان بڑھ گیا: برطانوی اخبار دی گارڈین

ویرات کوہلی کا جرمن وی لاگر کی پوسٹ پر لائک، پھر ریموو، خاتون انفلوئنسر کا ردعمل سامنے آگیا

مہاراشٹر میں کرکٹ فائنل میدانِ جنگ بن گیا، پچ پر ٹریکٹر چلا دیا

بلوچستان سے عالمی افق تک، بڑھتے مواقع اور ولولہ بشیر کی کامیابی کی کہانی

پنجاب کا بلوچستان کے طلبا کے لیے 470 وظائف کا اعلان، تعلیمی مواقع میں اضافہ

ویڈیو

فیلڈ مارشل نے ایران میں امن کے لیے عظیم کام کیا، شیخ حسن سروری

ضلع مہمند کے عمائدین کا پاک فوج اور حکومت پر اعتماد، امن کوششوں پر خراجِ تحسین

‘پاؤں نہیں مگر ہاتھ تو ہیں نا’، فور ویل بائیکیا چلا کر گھر کی کفالت کرنے والا باہمت نوجوان

کالم / تجزیہ

مطالعہ پاکستان : بنیان مرصوص ایڈیشن

امریکا ایران مذاکرات: کیا ہونے جا رہا ہے؟

ہنساتے ببو برال کی اداس کہانی