جو روٹ نے ٹنڈولکر کا ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں بنانے کا بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن کیا ہے؟

ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں روٹ نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 69 ویں نصف سینچری تھی۔ اس ففٹی کے ساتھ ہی وہ ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر اس فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ روٹ نے یہ اعزاز ٹنڈولکر سے کم اننگز میں حاصل کیا۔ روٹ نے 309 اننگز میں 69 ففٹیز مکمل کیں جبکہ ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سینچریاں بنائی تھیں۔

اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے شیونارائن چندرپال 66 نصف سینچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر اور بھارت کے دیوار کہلانے والے راہول ڈریوڈ 63، 63 ففٹیز کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ ایک اور سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 62 نصف سینچریوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سینچریوں کا ریکارڈ تاحال سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 51 سینچریاں اسکور کی ہیں۔ اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ جو روٹ اور رکی پونٹنگ 41، 41 سینچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیے: انگلینڈ کے خلاف تاریخی ‘وائٹ واش’، غلطیاں تسلیم کر کے بہترین ٹیم بنانا ہوگی، بابر اعظم

اس کے ساتھ ہی 35 سالہ جو روٹ، ٹنڈولکر کے سب سے بڑے ریکارڈ یعنی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کے بھی قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔

ٹنڈولکر 15 ہزار 921 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ روٹ 14 ہزار 278 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیں: وائٹ واش کے باوجود محمد عباس کا اعزاز، انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ مشترکہ پلیئر آف دی سیریز قرار

موجودہ کھلاڑیوں میں روٹ کے بعد آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ہیں جنہوں نے 10 ہزار 920 رنز بنائے ہیں لیکن وہ ابھی ٹنڈولکر کے ریکارڈ سے کافی دور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp