نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ای او سی کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 14 سے 17 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں موسم کا بدلتا رنگ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی، سندھ میں بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔
این ای او سی کے جائزہ ماڈلز کے مطابق اچانک بننے والے موسمی نظام کے نتیجے میں مختصر دورانیے میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عوام کو ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: موسمیاتی آفات کا مقابلہ: 5 پاکستانی شہر کمزور شہروں میں شامل، بھارت کے احمدآباد سے قدرے بہتر
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی و ہنگامی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مستند موسمی معلومات، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی لینے کا بھی کہا گیا ہے۔














