بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے معروف ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کرکے تاریخ رقم کردی، وہ اس مقام پر مرکزی پرفارمنس دینے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے۔
دلجیت دوسانجھ نے ہفتے کی شب اپنی اورا ورلڈ ٹور کے دوران ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کیا، جہاں ان کی ٹیم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق تقریباً 90 ہزار افراد نے ان کی پرفارمنس دیکھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پابندی کے باوجود دلجیت دوسانجھ کی فلم ’ستلج‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے
پرفارمنس کے دوران بھارتی گلوکار نے پاکستانی لیجنڈری گلوکار نصرت فتح علی خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ دلجیت دوسانجھ نے نصرت فتح علی خان کی معروف قوالی ’سانسوں کی مالا پہ‘ پیش کی، جس پر شائقین نے بھرپور انداز میں گلوکار کا ساتھ دیا۔
View this post on Instagram
ویمبلی اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے موبائل فونز کی روشنیاں لہرا کر دلجیت دوسانجھ کی آواز کا ساتھ دیا۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں ماضی میں مائیکل جیکسن، کوئین، میڈونا، ڈیوڈ بووی اور یو ٹو جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکار یادگار پرفارمنس دے چکے ہیں۔
42 سالہ دلجیت دوسانجھ بنیادی طور پر پنجابی زبان میں گاتے ہیں اور انہوں نے روایتی لوک موسیقی کو جدید ہپ ہاپ کے امتزاج کے ساتھ پیش کرکے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کنسرٹ تنازع: دلجیت دوسانجھ نے خالصتان جھنڈوں اور مداحوں کو ہراساں کرنے پر خاموشی توڑ دی
دلجیت دوسانجھ اس سے قبل بھی کئی اہم اعزازات حاصل کرچکے ہیں۔ 2023 میں وہ کوچیلا میوزک فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے تھے۔
جون 2024 میں انہوں نے امریکی پروگرام ’دی ٹونائٹ شو ود جمی فیلن‘ میں پہلی بار شرکت کی، جبکہ اسی سال اکتوبر میں وہ بل بورڈ میگزین کے سرورق پر آنے والے پہلے جنوبی ایشیائی فنکار بن گئے تھے۔
View this post on Instagram
ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے موقع پر دلجیت دوسانجھ نے ’پنجابی آ گئے اوئے‘ کہہ کر شائقین کا جوش بھی بڑھایا۔














