بلوچستان میں ریاست کی رٹ برقرار، سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے شمالی بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑا اور کامیاب مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ‘فتنة الہندوستان’ (BLA) کے 6 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ‘فتنة الخوارج’ (TTP) سے تعلق رکھنے والے 5 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کارروائی سے علاقے میں تخریب کاری کا ایک بڑا نیٹ ورک ناکام بنا دیا گیا ہے۔

شمالی بلوچستان کے اضلاع پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں کلی سلطان، اجرم، دینار اور گیلو میں دہشتگردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت سے متعلق موصولہ خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے ایک وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کاؤنٹر ٹیررازم آپریشن کیا۔

یہ بھی پڑھیے پشین : سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے دونوں اضلاع میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا۔ اس منظم اور کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ‘فتنة الہندوستان’ کے 6 دہشتگرد مارے گئے، جس سے علاقے میں فعال تخریب کار عناصر کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ آپریشن کے دوران ‘فتنة الخوارج’ کے 5 مشتبہ دہشتگردوں کو بھی حراست میں لیا گیا، جس سے خطے میں مختلف دہشتگرد تنظیموں کے باہمی گٹھ جوڑ اور نیٹ ورکس کا پردہ فاش ہوا ہے۔

اس بروقت اور مشترکہ کارروائی نے دہشتگردوں کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے، محفوظ ٹھکانے قائم کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں و عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کو خاک میں ملا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی پشین میں کارروائی، خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

یہ آپریشن بلوچستان میں ‘فتنة الہندوستان’ (BLA) اور ‘فتنة الخوارج’ (TTP) کے اتحاد اور غیر ملکی سرپرستی میں قائم دہشتگرد نیٹ ورکس سے درپیش خطرات کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کامیاب کارروائی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ریاست دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے، ان کی نقل و حرکت محدود کرنے اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان بھر میں ریاست کی حاکمیت مکمل طور پر قائم ہے اور یہ آپریشن ان غیر ملکی پراکسیز کے لیے واضح پیغام ہے جو صوبے کے امن کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے تمام عناصر کا بلا امتیاز تعاقب کیا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp