محسن نقوی سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار وزارت داخلہ پہنچے تو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد پاکستان اور لبنان کے وزرائے داخلہ کی سربراہی میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

دونوں جانب سے پولیس اکیڈمیوں اور تربیتی پروگراموں کے درمیان تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے وزارت داخلہ کے درمیان جلد از جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوطرفہ رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور لبنان نے دہشتگردوں اور منشیات کے گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا، جبکہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔ انسداد منشیات کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور لبنان کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری داخلے کی سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ لبنانی وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

احمد الحجار نے کہا کہ پاکستان ایک برادر ملک ہے اور لبنان باہمی دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص داخلی سلامتی کے میدان میں تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: لبنانی وزیر داخلہ کی جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل اے این ایف، انسپکٹر جنرل وفاقی کانسٹیبلری، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر جنرل نیشنل فارنزکس ایجنسی، اسپیشل سیکریٹری، وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp