لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے پاکستان کے 2 روزہ دورے کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: لبنانی مسلح افواج کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملائیشین وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، اسٹریٹجک مفادات، اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔













