وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول ریلیف اسکیم چند روز میں پورے ملک میں شروع کردی جائےگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ کل سے ملک بھر میں پیٹرول ریلیف اسکیم کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جہاں شہریوں کو اسکیم کے طریقہ کار کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں، ملک میں ’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی تجویز زیر غور
انہوں نے کہاکہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو پہلے رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے بعد پیٹرول حاصل کرنے کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے ٹوکن جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے لیے 9771 پر REG لکھ کر ایس ایم ایس کرنا ہوگا، جبکہ رجسٹریشن کے بعد ٹوکن حاصل کرنے کے لیے مقررہ کوڈ کے ساتھ ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ ٹوکن دکھانے پر پیٹرول پمپ سے سستا پٹرول فراہم کیا جائے گا۔
مصدق ملک کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کو ہر ہفتے 5 لیٹر جبکہ گاڑی استعمال کرنے والوں کو ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
’اسکیم میں پیٹرول کے استعمال کے لیے باقاعدہ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن یا ٹوکن کے حصول میں مسئلے کی صورت میں شہریوں کی مدد کے لیے خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ اسکیم کا مکمل طریقہ کار ٹی وی اشتہارات اور ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
’عام آدمی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے شدید متاثر ہے‘
وفاقی وزیر نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث عالمی سطح پر پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ تیل کی قیمت کم نہیں ہوئی اور جنگ بھی ختم نہیں ہوئی، تاہم جتنا ریلیف ممکن تھا، عوام کا حق سمجھ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے عوام پر بوجھ منتقل کرنے کے بجائے خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے حکومت کو غریب عوام کے لیے ڈھال بننے کی ہدایت کی ہے اور عوام کا پہلا حق ہے، اس لیے ریلیف سب سے پہلے عوام تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت غریب عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور معاشی مشکلات کا بوجھ ان پر منتقل نہیں ہونے دے گی۔
مصدق ملک نے پیٹرول ریلیف کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ پیزا ڈیلیور کرنے والے ایک شخص کے لیے ہفتے بھر کے دودھ اور انڈوں کا خرچ 2 ہزار روپے ہے۔
’زینب چنگچی چلا کر باعزت طریقے سے اپنے خاندان کا رزق کماتی ہے، اسے ماہانہ 2 ہزار روپے کا پیٹرول ریلیف ملے گا، جو اس کے لیے بچے کی اسکول فیس کے برابر ہے۔‘
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، حکومت نے 15 ستمبر کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
انہوں نے بتایا کہ فاروق 800 سی سی گاڑی پر فیکٹری جاتے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بچوں کو اسکول لے کر جاتی ہیں، انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے پیٹرول ریلیف ملے گا۔ فاروق کے لیے یہ ریلیف اس ماہ ادھار نہ لینے کے برابر ہے۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کے لیے ریلیف بچوں کی فیس بنے گا تو کسی کے لیے دال روٹی کا ذریعہ بنے گا۔ حکومت غریب عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے گی اور ہر مشکل مرحلے میں انہیں سہارا دے گی۔













