نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق منگل کے روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور لبنان کے باہمی تعلقات کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔
سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے کا خیرمقدم
دونوں جانب سے سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا،اسحاق ڈار نے معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن اور استحکام میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور لبنان کے درمیان تعاون مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔













