جاپان نے ہیومنائیڈ روبوٹس کے لیے بھی ایمبولینس سروس شروع کردی

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان نے خراب ہونے والے ہیومنائیڈ روبوٹس کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے دنیا کی پہلی ’روبوٹ ایمبولینس‘ متعارف کرا دی ہے۔

جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی جی ایم او انٹرنیٹ گروپ کی ذیلی کمپنی جی ایم او ایئر کی جانب سے تیار کی گئی یہ خصوصی موبائل یونٹ سڑک پر خراب ہونے والے ہیومنائیڈ روبوٹس کو ہنگامی تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی میں عالمی اے آئی کانفرنس، جدید ہیومنائیڈ روبوٹس اور ذہین مشینیں توجہ کا مرکز

رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹ ایمبولینس جلد ہی جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی سڑکوں پر خدمات انجام دینا شروع کرے گی، موبائل یونٹ میں انجینیئرز کے علاوہ مرمت کے جدید آلات اور ضروری اسپیئر پارٹس بھی موجود ہوں گے۔

جی ایم او ایئر کے انجینئر شوٹا تاکیزاوا کے مطابق ایمبولینس ضرورت پڑنے پر متبادل ہیومنائیڈ روبوٹ بھی متاثرہ مقام تک پہنچا سکتی ہے، جس کے ذریعے خراب روبوٹ کو فوری طور پر تبدیل کیا جا سکے گا۔

روبوٹ ایمبولینس کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

ہیومنائیڈ روبوٹس اب فیکٹریوں، گوداموں، ہوٹلوں اور بعض گھروں سمیت مختلف حقیقی ماحول میں کام کر رہے ہیں، انہیں سیڑھیاں چڑھنے، بھاری سامان اٹھانے اور انسانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے جیسے پیچیدہ کام سونپے جاتے ہیں۔

ایسے ماحول میں روبوٹس کو جسمانی نقصان کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، معمولی ٹھوکر یا توازن بگڑنے سے ان کے بازو یا ٹانگیں متاثر ہونے کے علاوہ سینسرز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس کے علاوہ بیٹری، کمیونیکیشن اور سافٹ ویئر میں خرابی کے باعث روبوٹ کام کے دوران اچانک رک بھی سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ’میں نے دنیا کی سب سے خوبصورت روبوٹ سے شادی کرلی‘، اے آئی روبوٹ کا اعلان

خراب اور بھاری روبوٹ کو کسی مرکزی مرمتی مرکز تک منتقل کرنا نہ صرف وقت طلب بلکہ مہنگا بھی ہوسکتا ہے، روبوٹ ایمبولینس کا بنیادی مقصد اسی مسئلے کا حل فراہم کرنا ہے، یعنی مرمتی سہولت کو خود روبوٹ تک پہنچایا جائے۔

موقع پر ہی تشخیص اور مرمت

روبوٹ کے خراب ہونے کی صورت میں فیلڈ آپریٹرز ہنگامی مدد کی درخواست بھیجیں گے، جس کے بعد روبوٹ ایمبولینس متاثرہ مقام پر پہنچے گی۔

ٹیکنیشنز وائرلیس تشخیصی آلات کے ذریعے روبوٹ کے اندرونی نظام کو اسکین کرکے خرابی کی نوعیت معلوم کریں گے، اس عمل کے ذریعے ہارڈویئر کی خرابی یا سافٹ ویئر میں موجود مسئلے کی فوری نشاندہی کی جاسکے گی۔

مرمت مکمل ہونے کے بعد روبوٹ کے بیلنس گائروز اور موشن کنٹرولرز کو دوبارہ ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہ محفوظ انداز میں چلنے اور اپنے فرائض انجام دینے کے قابل ہے۔

مزید پڑھیں: انسان یا مشین؟ چین میں جذبات سمجھنے والے حیرت انگیز حقیقی ہیومنائیڈ روبوٹس متعارف

جی ایم او ایئر کے چیف ایگزیکٹو ٹوموہیرو اوچیدا کے مطابق خراب روبوٹس کی مرمت کے باعث کام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے تجربے سے یہ خیال سامنے آیا کہ متاثرہ روبوٹ کی جگہ فوری طور پر متبادل ہیومنائیڈ روبوٹ فراہم کیا جائے۔

شوٹا تاکیزاوا کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ہیومنائیڈ روبوٹس کا استعمال بڑھتا جائے گا، اس نوعیت کی ہنگامی تکنیکی سروس کی ضرورت بھی پیدا ہوگی۔

فی الحال جی ایم او ایئر کے ٹوکیو ہیڈکوارٹر میں صرف ایک ’روبوٹ ایمبولینس‘ موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp