مکہ مکرمہ پر بزدلانہ ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت، پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام کے خلاف ڈرون حملے کی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ کے مقدس مقام کے خلاف بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی وہ سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس اشتعال انگیز اقدام پر غم زدہ اور مضطرب ہیں، جبکہ اس قابل مذمت اور ناقابل معافی کارروائی پر محسوس کیے جانے والے دکھ اور صدمے کی گہرائی بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی شاہی مسلح افواج کی غیر معمولی چوکسی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کو سراہا۔

شہباز شریف نے ایک بار پھر تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹیں۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان اٹھا چکا ہے، جبکہ پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حوثی ڈرون مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے برادر ملک کے شانہ بشانہ غیر متزلزل طور پر کھڑا ہے، اور یہ ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے قریب سمجھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp