زیرحراست ملزم کو چھڑانے کی کوشش کے دوران اس کے ساتھیوں کی جانب سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زیرحراست ملزم آصف عرف ببلو زخمی ہوگیا۔
تھانہ سہالہ کی حدود میں پولیس ٹیم زیرحراست ملزم آصف عرف ببلو کی نشاندہی اور انکشاف پر برآمدگی کے بعد اسے واپس لے کر جا رہی تھی کہ راستے میں چھپے اس کے 4 ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ فائرنگ کے دوران زیرحراست ملزم آصف عرف ببلو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، ڈرفٹنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، گاڑیاں ضبط
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سہالہ کی حدود میں ایک لڑکا سنیچنگ کی واردات سے بچنے کی کوشش کے دوران پل سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں درج کیا گیا۔
پولیس نے آصف عرف ببلو کو ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔
مزید پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے
پولیس ترجمان کے مطابق آصف عرف ببلو چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہونے کے باعث اسلام آباد و راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں میں چھینا گیا مال مسروقہ بھی برآمد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔














