سسرال واپس جانے سے انکار پر شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع منچرئیال میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران اپنی بیوی کی ناک پر کاٹ کر اسے شدید زخمی کر دیا۔

واقعہ پیر کے روز کوٹاپلی منڈل میں خاتون کے والدین کے گھر پیش آیا۔ متاثرہ خاتون کی شناخت ممتا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق ممتا نے شوہر کے ساتھ سسرال واپس جانے سے انکار کیا، جس پر مبینہ طور پر شوہر نے اس پر حملہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے بھارت میں بیوی سے چھٹکارا پانے پر شوہر کا انوکھا ’جشن آزادی‘

حملے کے دوران اس کی ناک کا کچھ حصہ کٹ گیا۔ ممتا کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ممتا کی تقریباً 9 سال قبل ملام پیٹ گاؤں کے رہائشی ایناگنڈلا منی چندر سے شادی ہوئی تھی۔ دونوں کی 2 بیٹیاں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات جاری تھے۔ اس افسوس ناک واقعہ سے تقریباً 10 روز قبل بھی دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد ممتا سسرال چھوڑ کر والدین کے گھر آ گئی تھی۔ شوہر مبینہ طور پر اسے واپس لے جانے پر اصرار کر رہا تھا، تاہم ممتا نے واپسی سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے طلاق مبارک ہو، بھارتی شخص کا دودھ سے غسل اور کیک کاٹ کر جشن، ویڈیو وائرل

پیر کے روز منی چندر مبینہ طور پر سسرال پہنچا، جہاں اس کا ممتا کے والد نارایانا سے جھگڑا ہو گیا۔ الزام ہے کہ ملزم نے لکڑی کے ڈنڈے سے نارایانا کے سر پر حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور خون بہنے لگا۔

ممتا نے اپنے والد کو بچانے کی کوشش کی تو شوہر نے مبینہ طور پر اس پر بھی حملہ کیا اور زور سے اس کی ناک پر کاٹ لیا، جس کے نتیجے میں ناک کا ایک حصہ الگ ہو گیا۔

کوٹاپلی کے سب انسپکٹر راج شیکھر نے تصدیق کی ہے کہ ملزم شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp