ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس کے بچوں آرچی اور للی بیٹ کے سابقہ اسکول کے والدین کے واٹس ایپ گروپ میں میگھن مارکل کا نجی پیغام لیک ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ واپس آئے تھے۔ حال ہی میں دونوں کے بچوں کے اسکول تبدیل کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کی وجہ سیکیورٹی سے متعلق خدشات بتائی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہی خاندان سے دوری کے 6 سال بعد ہیری اور میگھن کا برطانیہ واپسی کا فیصلہ
اس کے ایک روز بعد آرچی اور للی بیٹ کے اسکول کے والدین کے واٹس ایپ گروپ میں میگھن مارکل کا پیغام بھی منظرعام پر آگیا۔
‘دی سن’ کے مطابق حاصل ہونے والے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکول کی دیگر ماؤں نے میگھن مارکل کو گروپ میں خوش آمدید کہا۔

میگھن مارکل نے جواب میں گروپ کی خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا، ‘ہیلو ماؤں! پُرتپاک خیرمقدم کا شکریہ، اس کمیونٹی کا حصہ بن کر بہت خوشی ہوئی۔’
پیر کو شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ترجمان نے بچوں کے اسکول تبدیل کرنے کے فیصلے سے متعلق بیان جاری کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ بچوں کا اسکول تبدیل کرنے کا فیصلہ خاندان کی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ موجودہ انتظامات کے عملی پہلوؤں پر بات چیت کے بعد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ چارلس کی بہو میگھن مارکل نے اپنے سرکاری نام کا انکشاف کر دیا
ترجمان کے مطابق والدین اسکول کے تمام اساتذہ اور عملے کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے خاندان کے ساتھ محبت، دیکھ بھال اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلے کو کسی صورت اسکول یا وہاں بچوں کو فراہم کی جانے والی غیر معمولی دیکھ بھال کے خلاف سمجھا نہیں جانا چاہیے۔
میگھن مارکل کے واٹس ایپ گروپ کے پیغام کے لیک ہونے کی خبر اسی روز سامنے آئی جب انہوں نے شہزادہ ہیری کی 42ویں سالگرہ پر انسٹاگرام پر ایک خصوصی پیغام کے ذریعے انہیں مبارکباد دی۔














