پاکستان نے بدھ کے روز بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے 24 اکتوبر 2026 تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں اور بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی جانب سے چلائے جانے، ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیاروں، بشمول فوجی پروازوں، کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: خراب موسم کے باعث 3 پاکستانی پروازیں مختصر وقت کے لیے بھارتی فضائی حدود میں داخل
پاکستان نے یہ فضائی پابندیاں 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عائد کی تھیں۔
فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس صورتحال کے نتیجے میں بھارتی ایئرلائنز کو اب تک لاکھوں ڈالر کے اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی طیاروں کے لیے پاکسانی فضائی حدود میں ’نو انٹری‘ برقرار، تاریخ میں مزید توسیع
پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں پر فضائی حدود کے استعمال کی پابندی میں متعدد مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے۔ تازہ ترین توسیع کے بعد یہ پابندی مزید ایک ماہ تک نافذ رہے گی۔
گزشتہ ماہ پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی میں 24 ستمبر تک توسیع کی تھی۔














