آزاد کشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس، وزیراعظم کی عام آدمی کو فوری ریلیف، ہنگامی ’شکایات ڈیسک‘ قائم کرنے کی ہدایت

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیرِ صدارت کابینہ کے پہلے اجلاس میں طرزِ حکمرانی کی تبدیلی، تعلیمی پیکج 2026 کے جائزے کے لیے 3 رکنی کمیٹی کے قیام اور تمام محکموں میں صرف تھرڈ پارٹی کے ذریعے میرٹ پر بھرتیوں کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری اور تمام سیکریٹریز حکومت نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم سکولز نے ’تعلیمی پیکج 2026‘ اور ٹیچر ریکروٹمنٹ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی: اہم عہدوں پر تینوں ڈویژنز کی نمائندگی نواز شریف کا درست فیصلہ

 کابینہ نے تعلیمی پیکج کا ازسرِنو جائزہ لینے کے لیے وزیرِ جنگلات کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیرِ ہائر ایجوکیشن اظہر صادق اور وزیرِ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عمیر نعیم پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو اپنی جامع سفارشات پیش کرے گی۔

علاوہ ازیں سیکریٹری صنعت و حرفت سردار عدنان خورشید نے ’آسان کاروبار ایکٹ 2026‘ پر کابینہ کو بریفنگ دی۔

میرٹ پر شفاف بھرتیاں اور قواعد میں ترمیم

وزیراعظم افتخار گیلانی نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ قانون کے مطابق اپنے رولز میں فوری ترمیم کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تمام سرکاری بھرتیاں خالصتاً اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہی کی جائیں گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم آفس میں ’شکایات ڈیسک‘ کا قیام

عوامی مسائل کے فوری تدارک کے لیے وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ جب تک آن لائن شکایت پورٹل مکمل طور پر فعال نہیں ہو جاتا، تب تک وزیراعظم آفس میں ایک قائم مقام ’شکایات ڈیسک‘ فعال کیا جائے جہاں شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

طرزِ حکمرانی میں تبدیلی اور سخت رویہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کابینہ سب سے اعلیٰ فورم ہے اور اس کے فیصلوں کا راست اثر عام آدمی پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر گورننس کے لیے پیسوں کی نہیں بلکہ رویے اور انداز بدلنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت آزاد کشمیر کا مظفرآباد شہر سے بس اڈے ختم کرکے دارالحکومت کا نقشہ بدلنے کا فیصلہ

انہوں نے واضح تنبیہ کی کہ ’جو افسر یا اہلکار ہمارے اصلاحاتی ایجنڈے کا ساتھ نہیں دے گا، وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکتا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت اور نیک نامی کے لیے اقدامات کرے گی۔

ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل کے حل کی ہدایت

افتخار گیلانی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کا براہِ راست واسطہ انتظامی امور سے پڑتا ہے، لہٰذا شہریوں کے زمینوں کے تنازعات سمیت دیگر تمام مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ کسی کا حق سلب نہیں ہونا چاہیے اور انتظامیہ ایسا محفوظ ماحول فراہم کرے جہاں عام شہری کو واضح تبدیلی اور آسانیاں محسوس ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp