سیکیورٹی فورسز نے آواران کے علاقے بدرنگ میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی 17 ستمبر کو ’ردالفتنہ 3‘ کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے ان کی کارروائی کی صلاحیت کو نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں:افغان ڈاکٹر کی پاکستان میں ہلاکت، پڑھے لکھے نوجوان بھی فتنہ الخوارج میں شامل ہونے لگے
سیکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں آواران میں ’فتنہ الہند‘ کے دہشتگرد نیٹ ورک کو مزید نقصان پہنچا ہے اور دہشتگردوں کی جانب سے علاقے کو حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بروقت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور دہشتگردی کے خلاف مسلسل اقدامات کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
’ردالفتنہ 3‘ کے تحت جاری کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس اور ان کے بنیادی ڈھانچے کا خاتمہ کرکے پائیدار امن کی بحالی ہے۔














