بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پابندیوں اور سیکیورٹی سختیوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سری نگر سمیت وادی کے مختلف اضلاع میں بھارتی فورسز کی جانب سے تلاشی، گاڑیوں کی چیکنگ اور نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
سری نگر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار مختلف مقامات پر ناکے لگا کر شہریوں کی تلاشی اور گاڑیوں کی چیکنگ کرتے رہے۔
مشترکہ دستوں نے اہم شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور شہر کے مصروف علاقوں میں گاڑیاں روک کر شناختی دستاویزات چیک کیں، جبکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی۔
یہ بھی پڑھیے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا کریک ڈاؤن، گھروں پر چھاپے، ڈیجیٹل نگرانی مزید سخت
حکام کے مطابق سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس سوجیت کمار کی جانب سے ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاسوں کے دوران جاری کیے گئے۔
مقامی افراد کے مطابق نجی گاڑیوں، مسافر ٹرانسپورٹ اور 2 پہیوں والی گاڑیوں کو بھی اچانک روک کر تلاشی لی جا رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وادی کے دیگر اضلاع سے بھی اضافی فورسز کی تعیناتی، ناکہ بندی اور علاقے میں تسلط قائم کرنے کی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں رات کے گشت اور سرحدوں پر چیکنگ بھی بڑھا دی گئی ہے۔













