پاکستانی کرکٹر محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایم آئی ٹی سلوشنز کے بلے باز محمد فاروق نے پاکستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

محمد فاروق نے صدر ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے مرحلے میں خان ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز کی اننگز میں 14 چھکے لگائے اور گلفراز خان کا 49 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹر شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کرلیا

گلفراز خان نے 1976-77 کے سیزن میں لاہور میں پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ریلوے کی جانب سے 207 رنز کی اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔

محمد فاروق نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور 14 چھکے لگائے، ان کی اننگز میں اوسطاً ہر 7 گیندوں کے بعد ایک چھکا شامل تھا۔

محمد فاروق کی ریکارڈ ساز اننگز نے انہیں سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم سے بھی آگے پہنچا دیا، جنہوں نے 1996 میں شیخوپورہ میں زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 257 رنز کی اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔

محمد فاروق کا یہ کارنامہ اسی ہفتے سامنے آیا ہے جب انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان کے ٹیل اینڈر رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 63 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز میں 9 چھکے لگائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: رضا اللہ کا شاندار ٹیسٹ ڈیبیو: 90 سے زائد رنز اور 4 وکٹوں کے ساتھ خاص فہرست میں شامل

فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کے نمایاں چھکے لگانے والوں میں سابق پاکستانی بلے باز ماجد خان بھی شامل ہیں، جنہوں نے 1967 میں سوانزی میں گلیمورگن کے خلاف پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست 147 رنز کی اننگز میں 13 چھکے لگائے تھے۔

محمد فاروق کے 14 چھکے اب پاکستان کی سرزمین پر فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں کسی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بن گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp