سہیل آفریدی کا لاہور کا دورہ ناکام ترین رہا، جماعت اسلامی احتجاج کرنا چاہتی ہے تو آبنائے ہرمز یا باب المندب جائے، حنا پرویز بٹ

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ لاہور ناکام ہوگیا اور جہاں تک جماعت اسلامی کا تعلق ہے وہ آبنائے ہرمز یا باب المندب جاکر احتجاج کرے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کو مذاکرات کا کہہ دیا، پھر بھی جتھے آئے تو ہم بھی تیار ہیں، فورسز انہیں ہرصورت روکیں گی، وزیر داخلہ محسن نقوی

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے صوبے کے عوام کو نظر انداز کیا ہوا ہے اور لاہور آکر انہوں نے ایک سرکس لگایا تاہم لاہور کے عوام نے انہیں مسترد کردیا۔

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا کہ لاہور میں سہیل آفریدی کیا کرتے رہے وہ ایک جگہ پولیس وین میں بیٹھ گئے اور پھر دوسرے مقام پر لکشمی چوک جا کر اتر گئے۔ حنا پرویز بٹ کے مطابق لاہور کا دورہ ناکام ترین دورہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سلیوٹ کیا لیکن سہیل آفریدی بدتمیزی سے پیش آتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے لیڈر عمران خان کا بھی یہ رویہ رہا ہے کہ بدتمیزی کرنا اور جھوٹی خبریں پھیلانا۔

مزید پڑھیے: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ، شیڈول جاری

حنا پرویز بٹ نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی نے اغوا کا ڈراما کیا اور ان کا سارا ڈراما ریکارڈ ہوا۔ ان کے بقول اس طرح کا جھوٹ پھیلانا ان کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی ایک اسٹاپ پر وین میں بیٹھ گئے اور دوسرے اسٹاپ پر اتر گئے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی لاکھوں لوگ کہاں سے لائے گی، پی ٹی آئی کی اب کوئی تنظیم ہی نہیں ہے اور یہ خود مختلف گروپس میں تقسیم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو پر پی ٹی آئی کے لوگوں نے حملہ کیا اور اب دوبارہ وہ احتجاج کے لیے آرہے ہیں۔ ان کے مطابق پرامن جلسے اور احتجاج کی اجازت ہوسکتی ہے لیکن پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

عمران خان کی رہائی کے حوالے سے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وہ انہیں کیسے رہا کروا لیں گے وہ سزا یافتہ ہیں۔ سزا یافتہ قیدی کو اس طرح رہا نہیں کروایا جاسکتا اس کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔

جماعت اسلامی کے اسلام آباد کی طرف مارچ کے اعلان پر حنا پرویز بٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی اگر احتجاج کرنا چاہتی ہے تو آبنائے ہرمز یا باب المندب کی طرف مارچ کرے اور انہیں کھلوائے تاکہ پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف پاکستان جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوگا بلکہ پوری دنیا بھی ان کی شکر گزار ہوگی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا بڑا اعلان، 20 ستمبر کو اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ

مریم نواز کے گلف جہاز کا بل ادا کرنے کے اعلان کے حوالے سے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہہ دیا ہے کہ وہ گلف جہاز کا بل دیں گی تو اس پر زیادہ پروپیگنڈا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp