ہنر سیکھنے کا سفر، بلوچستان کی خواتین مفت بیوٹیشن کورس کے لیے اسلام آباد پہنچ گئیں

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی 74 نوجوان خواتین 2 ماہ کی بیوٹی اینڈ کاسمیٹولوجی ٹریننگ کے لیے پہلی بار اسلام آباد پہنچی ہیں، جہاں انہیں پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تربیتی پروگرام خواتین کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار یا اپنا کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔

یہ خواتین گوادر، پنجگور اور کیچ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ تربیت کا انعقاد RISE Project کے تحت کیا جا رہا ہے، جسے حکومت بلوچستان کی معاونت حاصل ہے، جبکہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) اس منصوبے پر عمل درآمد کر رہا ہے اور انسٹیٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ (IRM) تربیتی شراکت دار ہے۔

تربیت میں بیوٹی اور کاسمیٹولوجی سے متعلق عملی مہارتیں، جدید تکنیکیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بہتری شامل ہے تاکہ یہ خواتین اپنے علاقوں میں واپس جا کر ملازمت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی سطح پر بیوٹی سروسز کا کاروبار بھی شروع کر سکیں۔

بلوچستان جیسے صوبے میں، جہاں خواتین کے لیے روزگار کے مواقع اور ہنر مندی کے مراکز تک رسائی ایک چیلنج رہی ہے، ایسے پروگرام خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ مختلف پیشہ ورانہ تربیتی منصوبوں کے تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق دی جانے والی مہارتیں نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے امکانات بڑھا سکتی ہیں۔

اسلام آباد آنے والی ان خواتین کا بھی کہنا ہے کہ وہ اس امید کے ساتھ تربیت حاصل کر رہی ہیں کہ حاصل کیے گئے ہنر نہ صرف ان کی اپنی زندگیوں میں تبدیلی لا سکیں گے بلکہ ان کے آبائی علاقوں میں دیگر خواتین کے لیے بھی روزگار کے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp