شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں نامعلوم شخص نے دفتر جانے والے میاں بیوی پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کا شوہر زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ لیاقت آباد نمبر 5 کی اندرونی گلیوں میں پیش آیا، جہاں 28 سالہ خاتون اریج اپنے شوہر اویس کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شارع فیصل پر واقع اپنے دفتر جارہی تھی کہ نامعلوم شخص نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں خاتون پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ، وزیراعلیٰ کا نوٹس
پولیس کے مطابق ملزم نے چہرہ چھپانے کے لیے ماسک پہن رکھا تھا اور تیزاب پھینکنے کے بعد گلیوں میں فرار ہوگیا۔ واقعے میں خاتون کی گردن اور کمر جھلس گئی جبکہ اس کے شوہر کے بائیں ہاتھ اور پاؤں پر بھی تیزاب کے چھینٹے پڑے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون شارع فیصل پر واقع ایک آن لائن ٹیکسی سروس کے دفتر میں ملازمت کرتی ہے اور وہ 2 بچوں کی ماں ہے۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔














