بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع گورداسپور میں نامعلوم مسلح افراد نے 27 سالہ شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سکھ راج سنگھ عرف کاکا کے نام سے ہوئی ہے، جو پڈا گاؤں کے موجودہ کانگریس سرپنچ نودیپ سنگھ کا چھوٹا بھائی تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سکھ راج سنگھ ہفتے کے روز بابا سری چند کی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ مذہبی پروگرام میں شرکت اور گوردوارے میں حاضری کے لیے گیا تھا۔ واپسی پر رات تقریباً 8 بجے گاؤں کے قریب سڑک پر ماروتی سوزوکی سوئفٹ کار میں سوار نامعلوم افراد نے اسے روک کر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں سکھ راج سنگھ کو متعدد گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور وہاں سے گولیوں کے دو خول برآمد کیے۔
یہ بھی پڑھیں:دہلی میں 17 سالہ لڑکی اجتماعی زیادتی کے بعد قتل، لاش کتوں نے نوچ ڈالی
پولیس کے ایک سینیئر افسر اشوک کمار شرما نے بتایا کہ مقتول کے اہل خانہ کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ سکھ راج سنگھ کے خلاف متعدد فوجداری مقدمات درج تھے، جبکہ قتل کی ممکنہ وجہ پرانی ذاتی دشمنی ہوسکتی ہے۔
مقتول کے بھائی نودیپ سنگھ نے بتایا کہ سکھ راج سنگھ چند ماہ قبل شاہ پور جاجن گاؤں میں بھی ایک جان لیوا حملے میں بچ گیا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ اس حملے کے ذمہ دار افراد کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث تازہ واقعہ پیش آیا۔
مقتول کے اہل خانہ نے پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام سے انصاف اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔














