سال 2026 کا سب سے بڑی اور میگا بجٹ ڈرامہ سیریل ‘مٹی دے باوے’ 23 ستمبر سے آن ایئر ہونے کے لیے تیار ہے۔ فائزہ افتخار کی تحریر اور سید وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کے ذریعے سپر اسٹار ماہرہ خان کی ٹی وی اسکرین پر شاندار واپسی ہو رہی ہے، جبکہ معروف اداکار وہاج علی پہلی بار ایک انوکھے اور جان لیوا ایکشن روپ میں نظر آئیں گے۔
ڈرامے کی اسٹار کاسٹ
اس میگا پروجیکٹ میں پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اور منجھے ہوئے فنکار اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے، جن میں ماہرہ خان، وہاج علی، سہیل احمد، امر خان، حنا آفریدی، عظمیٰ حسن، جنید خان، آئینہ خان، فضل حسین اور نور الحسن شامل ہیں۔
اہم کردار اور ان کی خصوصیات
پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان فلموں میں مصروفیت کے بعد اس ڈرامے سے ٹیلی ویژن پر واپس آ رہی ہیں۔ وہ ‘بلو’ نامی ایک انتہائی جاندار اور سنجیدہ کردار ادا کر رہی ہیں۔ حقیقی زندگی میں دوسرے بچے کی آمد کی خبروں کے ساتھ ہی ان کے اس بڑے ڈرامے کا آغاز ہو رہا ہے۔
اداکار وہاج علی اس ڈرامے میں ‘بالا’ کا بے رحم اور شدید غصے والا ایکشن کردار نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس انداز کو اپنانے کے لیے سخت محنت اور باڈی بلڈنگ کی ہے۔
پاکستان کے لیجنڈری اداکار سہیل احمد ‘مٹی دے باوے’ میں ایک منفی اور بااثر کردار میں نظر آئیں گے، جو اپنے ماضی کے شاہکار ڈرامے ‘الو برائے فروخت نہیں’ کی یاد تازہ کرتا ہے۔ وہ ڈرامے میں وہاج علی کے کردار کو تشدد کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے ماہرہ خان اور وہاج علی کے نئے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کا دھماکے دار ٹریلر جاری
پنجاب کے دیہی پس منظر پر مبنی اس ڈرامے میں امر خان ایک مضبوط اور جذباتی پنجابی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اپنی معصوم اداکاری کے لیے مشہور حنا آفریدی ‘غلام، بادشاہ اور سُندری’ کے بعد اس ڈرامے میں ایک انتہائی اہم اور الگ روپ میں نظر آئیں گی۔
ڈرامہ ‘خائی’ میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوانے والی عظمیٰ حسن ایک بار پھر ہدایت کار سید وجاہت حسین کے ساتھ اس سنجیدہ پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔
کامیابی سے مختلف ڈراموں میں مرکزی کردار نبھانے کے بعد جنید خان اس بار ایک پیچیدہ اور چیلنجنگ کردار میں نظر آئیں گے۔
ابھرتی ہوئی اداکارہ آئینہ خان ڈرامے میں ماہرا خان کے بچپن یا جوانی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جہاں سے اس کہانی کا مرکزی تنازع جنم لیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے 41 سال کی عمر میں دوسرا بچہ منصوبے کا حصہ نہیں تھا، ماہرہ خان
چائلڈ اسٹار سے بہترین فنکار بننے والے فضل حسین 90ء کے دہائی کے دور میں وہاج علی کے لڑکپن کا کردار نبھا رہے ہیں، جہاں وہ ‘بلو’ سے محبت کر بیٹھتے ہیں۔
‘کیس نمبر 9’ میں شاندار کارکردگی کے بعد نور الحسن اس ڈرامے میں ایک بار پھر ایک بارعب پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے۔
ڈرامہ سیریل ‘مٹی دے باوے’ کا باقاعدہ آغاز 23 ستمبر 2026 سے ہو رہا ہے۔ یہ ڈرامہ ہر بدھ اور جمعرات کی رات 8:00 بجے گرین ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔













