لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان سے بچنے کے لیے دوسرے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے موٹرسائیکل سوار کو گرفتار کرلیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق شنگھائی برج پر پیٹرولنگ افسر میاں غلام مرتضیٰ نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے شہری کو روکا۔ موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ APL 2026 درج تھی، جس کے ای چالان کی جانچ پڑتال کی گئی تو اس کے ذمے 72 چالان سامنے آئے۔
جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار موٹرسائیکل سوار نے اپنی گاڑی پر کسی دوسرے شہری کے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ نصب کر رکھی تھی۔ اس جعلی نمبر پلیٹ کے باعث ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے تمام ای چالان اصل مالک کے نام پر جاری ہو رہے تھے۔
پولیس کے مطابق اصل مالک کے نام پر جاری ہونے والے چالانوں کی مجموعی مالیت ایک لاکھ 44 ہزار روپے تک پہنچ چکی تھی۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد ملزم کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے حوالات میں بند کردیا گیا۔














