وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے، اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکیاں ہرگز قبول نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں 25 لاکھ لوگ رہتے ہیں، تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کو بدامنی اور بدانتظامی سے دوچار کیا اور صوبے میں سیاسی انتشار کو فروغ دیا، پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی جانب ماضی کے مارچ بھی سب کے سامنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شفیع جان کی ویڈیو وائرل، شہدا کی توہین سے پی ٹی آئی یوٹیوبرز کے کمائے ڈالرز لانگ مارچ کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس انٹیلیجنس رپورٹس ہوتی ہیں کہ کون کیا کررہا ہے اور کون کیا تیاری کررہا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے آہستہ آہستہ خود چیزیں بے نقاب ہورہی ہیں اور پی ٹی آئی والے اپنے بیانات کے ذریعے اپنے ارادوں کا اظہار کررہے ہیں کہ وہ اسلام آباد میں کیا کرنے آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جاہل ہیں، ان کا موقف دیکھیں کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ چونکہ انہیں لاہور میں پولیس نے روکا اور موٹروے پر جاتے ہوئے سڑکیں بند تھیں، لہٰذا وہ اسلام آباد کو سومنات بنانے میں حق بجانب ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت وفاقی دارالحکومت کو اس قدر پرتشدد اور کھلی دھمکی دے رہی ہے اور بتارہی ہے کہ ‘ہم اسلام آباد کو تہس نہس کریں گے’۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں اور سیاسی جماعتوں کے لانگ مارچ، وزارت صحت کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں ہائی الرٹ
علیمہ خان کی گرفتاری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سولہ ایم پی او پبلک آرڈر قائم کرنے کے لیے ہوتا ہے، جب کوئی شہری دنگا فساد، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور اسلام آباد پر چڑھائی کی تیاری میں معاونت کرنے میں ملوث ہو تو تین ایم پی او کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ علیمہ خان کو کہاں سے اور کیوں گرفتار کیا گیا، وہ اس بات کے سخت خلاف ہیں کہ کوئی خاتون سیاست میں نہیں ہے اور اس کا بھائی یا خاوند سیاست میں ہے تو اس وجہ سے کسی کی بہن یا ماں کو گرفتار کیا جائے، تاہم علیمہ خان اس وقت پی ٹی آئی کو لیڈ کررہی ہیں۔














