اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے، پیپلزپارٹی پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے، ناصر حسین شاہ

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے، جبکہ پیپلزپارٹی پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہاکہ جہاں بھی قبضہ ہو، اس کی نشاندہی کی جائے، کارروائی کی جائے گی۔ تمام اضلاع میں کام جاری ہے، جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو بڑے منصوبے بھی دیے گئے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے جماعت اسلامی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ اس کی تحریکیں پُرتشدد نہیں ہوتیں بلکہ وہ پُرامن طریقے سے اپنا مؤقف پیش کرتے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کا پُرتشدد تحریکوں کا وتیرہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی تحریک کو پُرتشدد نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔

صوبائی وزیر نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار وزیراعظم کے خلاف قرارداد لائی گئی، انہوں نے اسمبلیاں توڑ دیں اور قاضی فائز عیسیٰ پر الزامات عائد کیے گئے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ سیاسی جماعت نے اپنے انتخابی نشان کا مقدمہ بھی درست انداز میں نہیں لڑا۔

ناصر حسین شاہ نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے اس کے لیوی ٹیکس کے خاتمے کے مطالبے کی حمایت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp