مالاکنڈ: پی ٹی آئی ایم پی اے شکیل خان کے گارڈز کی لیویز اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار زخمی، مقدمہ درج

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالاکنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان کے گارڈز کی جانب سے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق شکیل خان کے گارڈز نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کی، واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں شکیل خان کی موجودگی میں گارڈز کو مبینہ طور پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف 27 ستمبر کو لاہور اور فیصل آباد میں کیا کرنے جارہی ہے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا گیا ہے اور شکیل خان سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:کیا پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) کے درمیان دیر پا اتحاد ممکن ہے؟

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اسلام آباد میں پارٹی کے آئندہ احتجاج کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد میں ایک راستے سے داخل نہیں ہوں گے بلکہ موٹروے اور مارگلہ ہلز سے بھی وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ اگر دوبارہ فائرنگ ہوئی تو وہ لاشیں اٹھا کر خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام آباد کو ’سومنات‘ بنانے کا جملہ بھی استعمال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp