اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس اضافہ

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر خریداری کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی منٹوں میں 200 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

صبح 10 بجے کے قریب کے ایس ای 100 انڈیکس 218.72 پوائنٹس یا 0.13 فیصد اضافے کے ساتھ 171,103.30 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا باعث، کیا معیشت مستحکم ہورہی ہے؟

اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا، جن میں آٹو موبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور ریفائنریز شامل ہیں۔

حبکو پاور، نیشنل بینک، ماری پیٹرولیم، پاکستان اسٹیٹ آئل، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ سرمایہ کاروں کے جذبات میں نمایاں تبدیلی کے باوجود بینچ مارک انڈیکس محدود دائرے میں رہا۔

امریکا اور ایران کے درمیان مسلسل جغرافیائی سیاسی کشیدگی، خطے میں توانائی کی فراہمی سے متعلق نئے خدشات اور عالمی و مقامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث سرمایہ کار محتاط رہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 372.73 پوائنٹس یعنی 0.22 فیصد اضافے کے ساتھ 170,884.59 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی مارکیٹ

دوسری جانب پیر کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مجموعی طور پر تیزی دیکھی گئی۔ مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے لیے ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی طلب نے چِپ ساز کمپنیوں کے حصص کو سہارا دیا، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

جاپان کی نکی مارکیٹ بند رہی تاہم فیوچرز میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جنوبی کوریا کا ٹیکنالوجی پر مشتمل انڈیکس 1.5 فیصد بڑھ گیا۔

جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.8 فیصد جبکہ چین کے بلیو چِپ حصص 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ کاروبار کرتے رہے۔

امریکی ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.4 فیصد جبکہ نیسڈیک فیوچرز میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا۔ یورپ میں یورو اسٹاکس 50 اور ڈی اے ایکس فیوچرز دونوں 0.4 فیصد جبکہ ایف ٹی ایس ای  فیوچرز 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ رہے۔

مزید پڑھیں: تیل کی قیمت 110 ڈالر کے قریب پہنچ گئی، عالمی بانڈ اور اسٹاک مارکیٹیں دباؤ کا شکار

دوسری جانب بانڈ مارکیٹ میں دباؤ برقرار رہا۔ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران امریکی 2 سالہ بانڈز کی ییلڈ میں 36 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 4.7604 فیصد تک پہنچ گئی، جو 2024 کے وسط کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود سے متعلق سخت پالیسی کے اشاروں کے بعد مارکیٹ میں اکتوبر میں ایک مرتبہ پھر شرح سود بڑھائے جانے کے امکانات پر قیاس آرائیاں جاری ہیں، جبکہ سال کے اختتام تک شرح سود میں اضافے کے امکان کو بھی مارکیٹ میں تقریباً یقینی تصور کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp