پاکستان نے چین کی مالیاتی منڈی میں جاری کیے گئے اپنے پہلے پائیدار پانڈا بانڈ پر بین الاقوامی اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ بظاہر یہ اعزاز ایک مالیاتی کامیابی ہے، تاہم معاشی ماہرین کے مطابق اس پیشرفت کی اصل اہمیت صرف ایوارڈ کا حصول نہیں بلکہ چین کی ایک بڑی مالیاتی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی ہے، جہاں سے مستقبل میں بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرمایہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان کو 2026 کے ایشیا بحرالکاہل ماحولیاتی بانڈز ایوارڈز میں اولین پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ جاری کرنے والے ملک کا اعزاز دیا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان کی جانب سے چین کی مقامی مالیاتی مارکیٹ میں پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا پر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو پائیدار پانڈا بانڈ پر بین الاقوامی ایوارڈ مل گیا
پاکستان نے رواں سال پہلی بار چین کی مقامی مالیاتی مارکیٹ میں 1.75 ارب چینی یوآن، تقریباً 258 ملین امریکی ڈالر مالیت کا پانڈا بانڈ جاری کیا تھا۔
3 سالہ مدت کے اس بانڈ پر اڑھائی فیصد شرح منافع مقرر کی گئی، جبکہ چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے اس میں نمایاں دلچسپی ظاہر کی گئی اور جاری کردہ رقم کے مقابلے میں پانچ گنا سے زیادہ طلب سامنے آئی۔
یہ ایوارڈ پاکستان کو کوئی اضافی رقم یا مالی امداد فراہم نہیں کرتا، بلکہ یہ چین کی مالیاتی مارکیٹ میں پاکستان کی موجودگی کو تسلیم کیے جانے کی علامت ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کا اہم پہلو یہ ہے کہ پاکستان نے ایک نئی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرلی ہے، جو مستقبل میں بیرونی سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ایک اضافی ذریعہ بن سکتی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ پانڈا ایوارڈ اور چین کی مالیاتی مارکیٹ تک رسائی پاکستان کے لیے عملی طور پر کتنی اہمیت رکھتی ہے اور اس سے ملک کو کیا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے؟
بیرونی فنانسنگ کے نئے ذرائع تلاش کرنا پاکستان کے لیے اہم ہے، شہریار بٹ
معاشی ماہر شہریار بٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت گزشتہ چند برسوں سے مالی دباؤ کا شکار رہی ہے، جہاں بڑھتے ہوئے قرضے اور ان پر سود کی ادائیگیاں ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تقریباً 3 برسوں کے دوران پاکستان کو لگ بھگ 75 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہیں، جن میں قرضوں کی اصل رقم کی واپسی، قرضوں کی تجدید اور سود کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ ایسے حالات میں بیرونی فنانسنگ کے نئے ذرائع تلاش کرنا پاکستان کے لیے اہم ہے۔
شہریار بٹ کے مطابق پاکستان ماضی میں عالمی مالیاتی اداروں کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے بانڈز کے اجرا کے ذریعے سرمایہ حاصل کرتا رہا ہے، جبکہ اب چین کی مقامی مارکیٹ تک رسائی سے پاکستان کے لیے فنانسنگ کے ذرائع میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پانڈا بانڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم قرض ہوگی، جسے مستقبل میں واپس کرنا ہوگا، تاہم اس سے پاکستان کو ایک نئی مالیاتی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے اور بیرونی قرضوں کے حصول کے ذرائع کو متنوع بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چین کی مارکیٹ میں پہلے بانڈ کا کامیاب اجرا اس لیے بھی اہم ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اس میں کئی گنا زیادہ دلچسپی ظاہر کی گئی، جو پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی اعتماد کا ایک مثبت اشارہ ہے۔
شہریار بٹ نے کہاکہ اس ذریعے سے حاصل ہونے والی رقم موسمیاتی تبدیلی، توانائی، پانی، صحت اور بنیادی ڈھانچے سمیت پائیدار ترقی سے متعلق منصوبوں پر استعمال کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال میں بعض مثبت اشاریوں کی طرف بھی توجہ دلائی۔ ان کے مطابق عالمی ریٹنگ ادارے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری اور مستقبل کے حوالے سے مستحکم منظرنامہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں بھی کمی آئی ہے، جہاں مرکزی بینک کے ذخائر تقریباً 20 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر شامل کرنے کے بعد مجموعی ذخائر تقریباً 26 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔
ان کے مطابق اگر پاکستان مستقبل میں چینی مالیاتی مارکیٹ سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھاتا ہے اور مناسب شرائط پر سرمایہ حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے تو یہ ملک کی بیرونی مالی مشکلات سے نمٹنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔
پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کے لیے صرف قرض حاصل کرنے کا ایک نیا ذریعہ نہیں، ڈاکٹر انور شاہ
معاشی امور پر گہری نظر رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کے لیے صرف قرض حاصل کرنے کا ایک نیا ذریعہ نہیں بلکہ عالمی مالیاتی روابط کو وسعت دینے کی کوشش بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے لیے مختلف مالیاتی منڈیوں تک رسائی اس وقت اہم ہوجاتی ہے جب اسے بیرونی ادائیگیوں اور سرمایہ کاری کی ضروریات پوری کرنی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ چین دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور اس کی مقامی مالیاتی مارکیٹ تک رسائی پاکستان کو مستقبل میں متبادل فنانسنگ کے مواقع فراہم کرسکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ پاکستان ایسے منصوبوں کے لیے سرمایہ حاصل کرے جو براہ راست معاشی سرگرمی، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرسکیں۔
ڈاکٹر انور شاہ کے مطابق پانڈا بانڈ کی کامیابی سے پاکستان کے لیے سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر بنانے کا موقع بھی پیدا ہوسکتا ہے، لیکن صرف بانڈز کے اجرا سے معاشی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ طویل المدتی معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ بیرونی قرضوں کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ، صنعتی پیداوار اور مالیاتی اصلاحات پر بھی توجہ دی جائے۔
تاہم ماہرین کے مطابق پانڈا بانڈ کو پاکستان کے بیرونی قرضوں کے مسئلے کا مستقل حل نہیں سمجھا جاسکتا، کیونکہ یہ بھی قرض ہے جس کی واپسی ضروری ہوگی۔ اس کا حقیقی فائدہ اسی وقت سامنے آئے گا جب اس ذریعے سے حاصل ہونے والی رقم ایسے منصوبوں میں استعمال کی جائے جو معیشت کی پیداواری صلاحیت، برآمدات اور مستقبل کی آمدنی میں اضافہ کرسکیں۔
مزید پڑھیں: وزارت خزانہ نے یورو بانڈ اور پانڈا بانڈ سے متعلق رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا
پاکستان کے لیے پانڈا بانڈ کی کامیابی اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس نے چین کی ایک بڑی مالیاتی مارکیٹ میں اپنی پہلی موجودگی قائم کردی ہے۔ اب اہم مرحلہ یہ ہوگا کہ پاکستان اس نئے مالیاتی راستے کو کس حد تک کم لاگت اور پائیدار بیرونی فنانسنگ کے ذریعے میں تبدیل کرپاتا ہے۔













