اسلام آباد میں تھانہ نون کی حدود میں 3 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 3 سالہ بچی سکینہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نون پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
واقعے کی اطلاع پر ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس پی انڈسٹریل زون ڈاکٹر ایاز حسین کی زیرنگرانی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔
یہ بھی پڑھیں: نابالغ بھکاری بچوں کو مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا اسلام آباد پولیس کا اہلکار گرفتار
پولیس کے مطابق بچی کی تلاش اور ملزم کی گرفتاری کے لیے 7 پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جبکہ اسلام آباد پولیس کے تمام زونز کے ایس ایچ اوز نے بھی سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔
پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کی مدد سے مشتبہ ملزم کاشف کو 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں 12 سالہ بچی سے زیادتی میں ملوث ملزم گرفتار
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کاشف کے انکشاف اور نشاندہی پر 3 سالہ سکینہ کی لاش برآمد کرلی گئی، جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔














