آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری اور روزگار کے منصوبوں پر توجہ ہے، وزیراعظم افتخار گیلانی

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے جو ریاستی آمدن میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں، جبکہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری، سیکریٹری ایس آئی ایف سی جمیل قریشی، پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری ایس آئی ایف سی نے وزیراعظم کو آسان کاروبار منصوبے اور سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہاکہ آسان کاروبار منصوبے کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ انہیں معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے سہولت مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سپیشل اکنامک زون کا قیام اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس سے مقامی وسائل کو معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنے، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہاکہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے، جبکہ اس شعبے کی ترقی سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp