پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر رہنما ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں شہدا کے خاندانوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں، جبکہ صوبائی ارکان اسمبلی بھی تحریک چلانے میں مصروف ہیں۔
خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ثمر ہارون بلور، بابر نواز اور سعید جمشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، اور صوبائی حکومت کی کارکردگی، امن و امان کی صورتحال اور مبینہ کرپشن پر شدید تنقید کی۔
اس موقع پر ثمر بلور نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہاکہ نیب خیبرپختونخوا کرپشن کی تحقیقات کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مینا خان آفریدی کے محکمے میں 40 میں سے 39 ٹھیکیدار نااہل ہوگئے ہیں۔
کے پی حکومت کا کوئی وژن نہیں، یہ ہر روز سراپا احتجاج نظر آتی ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں اور لوگوں کی ماؤں، بہنوں کے لیے غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔ دھمکیاں اور سیاسی ڈرامے چھوڑیں، اپنی کارکردگی بتائیں۔ثمر بلور pic.twitter.com/JuijmnyoYR
— WE News (@WENewsPk) September 23, 2026
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ بیرسٹر گوہر مناسب شخص ہیں اور وزیراعظم نے کئی بار خود مذاکرات کی بات کی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے غیر سنجیدہ رویے سے پختونوں کا وقار مجروح ہوا ہے۔
ثمر بلور نے صوبائی حکومت پر عدم توجہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان کے مطابق کابینہ کے اراکین غائب ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگو میں دلخراش واقعات کے باوجود حکمرانوں کو شہدا کے جنازوں میں شرکت کی فرصت نہیں۔ ثمر بلور نے حکومتی ارکان کی جانب سے مخالفین کے اہل خانہ کو نشانہ بنانے کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو اٹلی بھیج کر دوسروں کے بچوں پر پرچے کٹوانے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کے احتجاج میں شریک بے قصور کارکن اب تک جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔
ثمر بلور نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں ہونے والی کرپشن کی داستانیں اب عوام کے سامنے آچکی ہیں۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کی خواتین کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے کی روایت فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
پی ٹی آئی 25 ہزار افراد بھی جمع نہیں کر سکے گی، بابر نواز خان
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما بابر نواز خان نے پی ٹی آئی کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ان لوگوں سے نہ ہمارے بزرگوں کی عزت محفوظ ہے اور نہ ہی ہماری خواتین کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر احتجاج میں سرکاری مشینری استعمال نہ ہوئی تو یہ 25 ہزار افراد بھی جمع نہیں کرسکیں گے۔
بابر نواز خان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ’بند گلی‘ سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے بند گلی کی بات کی ہے، تاہم ان کے خیال میں یہ ایک اندھیری بند گلی ہوگی۔














