ماہرہ خان نے ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کے ہدایت کار کو کیا کہا؟ بلو کے کردار سے متعلق جذباتی پیغام

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کے پریمیئر سے قبل ہدایت کار وجاہت حسین کے لیے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے ڈرامے میں ان کے کام اور کردار ’بلو‘ کو تشکیل دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

فائزہ افتخار کی تحریر اور وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں ماہرہ خان اور وہاج علی پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

ماہرہ خان نے ڈرامے کے سیٹ سے ہدایت کار وجاہت حسین اور اداکار وہاج علی کے ساتھ ایک پسِ پردہ تصویر شیئر کی اور ہدایت کار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ’آپ کو ’بلو‘ پر یقین تھا اور آپ اسے مجھ سے کہیں زیادہ جانتے تھے۔‘ اداکارہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر لکھا، ’ہمیشہ محبت کے ساتھ، آپ کی بلو۔‘

وجاہت حسین نے ماہرہ خان کا پیغام اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے الفاظ نے ان کے دل کو واقعی چھو لیا۔

ہدایت کار نے ماہرہ خان اور وہاج علی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ایک یادگار سفر قرار دیا، جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بھی ڈرامے کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈرامے کا پریمیئر پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ محنت اور ثابت قدمی سے خوب صورت چیزیں جنم لیتی ہیں۔

ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کی کہانی کیا ہے؟

ڈرامے کی کہانی 1999 کے دیہی پنجاب کے پس منظر میں پیش کی گئی ہے، جس میں بلو اور بالا کی محبت کو دکھایا گیا ہے۔ یہ محبت بعد ازاں جدائی میں بدل جاتی ہے۔

بالا کو ایک ایسے الزام میں جیل بھیج دیا جاتا ہے جس کی تفصیلات سامنے نہیں آتیں، جبکہ 2002 میں کہانی دوبارہ آگے بڑھتی ہے تو بلو کی زندگی مکمل طور پر بدل چکی ہوتی ہے۔

بلو ایک پیر، یعنی روحانی رہنما، بن چکی ہے اور اس کے اپنے پیروکار بھی ہیں۔ دوسری جانب جیل میں وقت گزارنے کے بعد بالا ایک بدلے ہوئے اور سخت حالات سے گزرے ہوئے شخص کے طور پر دوبارہ بلو کی زندگی میں داخل ہوتا ہے۔

بلو اس دوران اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکی ہوتی ہے، جس سے دونوں کے ماضی، رشتے اور مستقبل سے متعلق کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔

ڈرامے کے پہلے ٹریلر کو شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے پذیرائی ملی تھی۔

کنزہ ہاشمی نے ٹریلر کو شاندار قرار دیا، جبکہ بلال عباس نے اسے ایک طویل عرصے میں دیکھے گئے بہترین ٹریلرز میں سے ایک کہا۔

مایا علی، اقرا عزیز، حنا آفریدی، یاسر حسین اور شجاع اسد سمیت دیگر فن کاروں نے بھی ڈرامے کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں جاری کیے گئے ایک اور ٹیزر میں بلو اور بالا کی پیچیدہ کہانی کے مزید پہلو سامنے آئے، جن میں ماضی کی شادیوں اور حل نہ ہونے والے رازوں کی طرف اشارے شامل تھے۔ ٹیزر میں بالا کو جیل کے تجربات کے بعد بلو کی زندگی میں واپس آتے دکھایا گیا، جس کے بعد ناظرین یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا دونوں ایک بار پھر ایک دوسرے کے قریب آ سکیں گے۔

ماہرہ خان اور وہاج علی پاکستان کی تفریحی صنعت کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، اسی لیے دونوں کی پہلی مشترکہ اسکرین پیش کش ’مٹی دے باوے‘ کو ڈراما شائقین کی جانب سے خاص توجہ حاصل ہو رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp