وزیراعظم شہباز شریف کی شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر صدر شامی عرب جمہوریہ احمد الشرع سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران شام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے شام کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا اور شامی عوام کے لیے قومی استحکام، قومی یکجہتی، امن اور معاشی بحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر گفتگو کی، جن میں اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ، ادارہ جاتی طریقۂ کار کو فعال بنانا اور مختلف شعبوں میں مؤثر تعاون شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شام کی تعمیرِ نو اور معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عملی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلۂ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی تجدیدِ عہد کے ساتھ ساتھ آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp