صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ بحری امور کے موقع پر پاکستان کے بحری شعبے کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:آپریشن دوارکا سے معرکۂ حق تک، پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں کا سفر
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحری شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور خدمات بحری نقل و حمل کے تحفظ اور کارکردگی کے لیے اہم ہیں۔ اس سال کا موضوع ’پالیسی سے عملی اقدامات تک: بحری شعبے میں اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا فروغ‘ بین الاقوامی بحری معیارات کو مؤثر قوانین، ضوابط اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بحری تحفظ، سلامتی اور ضابطہ کاری کے نظام کو بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بحری تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد میں سرمایہ کاری کے ساتھ ڈیجیٹل نیوی گیشن، خودکاری، نئے ایندھن اور سائبر سکیورٹی جیسی ٹیکنالوجیز کے لیے افرادی قوت کو تیار کرنا ہوگا۔
World Maritime Day 🌊#WorldMaritimeDay 🌼#September24 🏵️ pic.twitter.com/mZlevGr78N
— Amoghavarrsha (@amogha__varsha) September 24, 2026
صدر مملکت نے کہا کہ پورٹ قاسم پر جدید ویسل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب سے بحری راستوں کی سلامتی، جہازوں کی نگرانی، بحری سکیورٹی اور آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بحری شعبہ تجارت، روزگار، رابطوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے قومی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
صدر مملکت نے موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستانی بحری عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں غیر معمولی حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں:بھارتی مظالم عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہیں، رانا ثنا اللہ کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحری ذرائع پاکستان کی تجارتی نقل و حمل، علاقائی و عالمی روابط اور بلیو اکانومی سے جڑی معاشی سرگرمیوں کا محور ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی بحری معیارات کے نفاذ، بحری تعلیم و تربیت، ماحول دوست نقل و حمل اور بحری نظام کی ڈیجیٹل منتقلی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ملکی بحری صلاحیتوں کو پائیدار معاشی و قومی ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔














