مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے، انہوں نے صدارتی انتخاب میں 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ ایک رکن اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہا۔ ڈاکٹر نجیب نقی کو مسلم لیگ ن کے 31 ارکان کے علاوہ اتحادی جماعت دست و بازو پارٹی کے ایک رکن کی حمایت بھی حاصل ہوئی، جس کے نتیجے میں انہوں نے مطلوبہ اکثریت حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
انتخاب سے قبل آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کے پاس 32 جبکہ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان تھے، جبکہ صدر کے انتخاب کے لیے 27 ووٹ درکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی: اہم عہدوں پر تینوں ڈویژنز کی نمائندگی نواز شریف کا درست فیصلہ
ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے اور وہ ایک معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد سردار حیات خان آزاد کشمیر کی معروف سیاسی شخصیت تھے جبکہ ان کے دادا تحریک آزادی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے والد کی سیاسی نشست سے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور مختلف ادوار میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے۔ وہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے اہم رہنماؤں میں بھی شامل رہے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے ابتدائی تعلیم کے بعد میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اور طب کے شعبے سے وابستہ رہے۔ وہ 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت کے فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی 2016 سے 2021 تک قائم رہنے والی حکومت میں بھی وزارت صحت کا قلمدان سنبھال چکے ہیں۔
صدارتی انتخاب کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جس کے لیے تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔














